مسلمانوں پر سب سے بڑی آفت کیا ہے؟
مفتی محمدعطاءاللہ سمیعی معہدالشریعۃ الاسلامیہ موانہ میرٹھ یوپی الہند
www.atasamiee.in
دنیا میں مسلمان مختلف پریشانیوں میں مبتلا ہیں کیا آپ جانتے ہیں کہ سب سے بڑی آفت ان میں سے کونسی ہے؟
مسلمان کسی جگہ نسل کشی کا سامنا کررہے ہیں ، دنیوی اعتبار سے یہ اگرچہ پریشانی ہے اور اس کو دور کرنیکی کوشش ہونی چاہئے، اسکے باوجود اگر اسپر صبر ہے اور دین وایمان پر استقامت ہے تو آخرت کے اعتبار سے یہ تو شہادت ہے اور اسپر تو اجر ہے ، یہ دنیا کی اگر چہ موت ہے لیکن آخرت کی حیات ہے، ولاتحسبن الذی قتلوا فی سبیل اللہ امواتا بل احیاء عند ربھم یرزقون، جو اللہ کے راستے میں قتل کردیا جائے اسکو مرا ہوا مت سمجھو بلکہ وہ زندہ ہیں انکے رب کے پاس انکو رزق دیا جاتا ہے،
کسی جگہ مسلمان ہراساں کئے جانے خوف دلائے جانے اور مذہبی تعصب کا شکار ہیں، انکی مساجد مقابر اور مدارس کو بند کئے جانے اور مسمار کئے جانے کا مسئلہ ہے، معاشرہ میں انکو اچھوت بنانیکی مہم چل رہی ہے، یہ بھی اہم مسئلہ ہے اسکو دور کرنیکی کوشش ہونی چاہئے لیکن پھر بھی آخرت پر نظر کرتے ہوئے اتنا اہم نہیں ہے اسلئے کہ اسپر بھی اگر صبر ہے تو یہ سب پریشانیاں دنیا کی زندگی تک محدود ہیں ، “ ماعندکم ینفد وما عند اللہ باق” جو کچھ (مال ودولت پریشانی غم آرام سکون خوف، ) تمہارے پاس ہے سب ختم ہونیوالا ہے، اور جو اللہ کے پاس ہے ( عیش آرام مال ودولت، چین سکون، عزت ذلت، عذاب، پریشانی غم خوف ) وہ ہمیشہ باقی رہنے والا ہے، اسلئے اخروی نفع ونقصان کے سامنے دنیا کا یہ نفع ونقصان کچھ بھی نہیں، موت کے راستے رب کے پاس جانے کے بعد یہی پریشانیاں جب اجر بن کر سامنے آئینگی تو ہر مسلمان تمنا کرے گا کہ ساری زندگی مجھے پریشانیوں میں ہی رکھاجا تا تو اچھا ہوتا، اللہ نے پہلے خبر دیدی کہ تمہاری آزمائش ہوگی تم پر بلائیں مسلط ہونگی، اور ساتھ ہی یہ بھی بتادیا کہ ان پر صبر کرنیوالوں کو کیا بدلہ ملیگا؟ “ولنبلونکم بشیئ من الخوف والجوع ونقص من الاموال والانفس والثمرت وبشر الصابرین”
ہم تمکو آزمائینگے تم پر خوف مسلط کرکے، بھوک مسلط کرکے، مالوں جانوں اور پھلوں میں نقصان کرکے، اور ( ان مصائب پر ) صبر کرنیوالوں کو (جنت کی) خوشخبری دیدیجئے،
کسی جگہ مسلمان ارتداد کا شکار ہیں ایمان چھوڑرہے، مسلم لڑکیاں غیروں کے ساتھ شادی رچارہی ہیں، مسلم لڑکے غیر لڑکیوں کی خاطر ایمان سے دستبردار ہورہے ہیں، کوئی تھوڑے سے مال عہدے اور وقتی فائدے کیلئے ایمان کا سودا کررہا ہے، مورتیوں کے سامنے سجدے کررہا ہے، اور ارتداد کا سبب اوپر گذری پریشانیوں پر صبر نہ ہونا ہے، غربت افلاس، غیروں کا خوف، اولاد گھر بار کاروبار کے ختم ہوجانیکا ڈر، موت کا اندیشہ، مال کی ہوس، دنیا کی زندگی کی محبت، آخرت سے بے خوفی ہے، یہ ہے سب سے بڑی پریشانی، ایمان نہ ہو تو دنیا کی حکومت بھی بے معنی ہے، ایمان نہ ہو تو ہمیشہ ہمیش کی جہنم ہے، ستر اسی سالہ دنیوی زندگی اگر بے ایمانی میں عیش وعشرت میں گزارلی تو کیا گزار لی؟ کیا کامیابی حاصل کرلی؟ ایک ایمان والے کو دنیوی ہر چیز کو ہر نفع نقصان کو ہر بات کو آخرت کی نظر سے دیکھنا چاہئے، کہ اسمیں میرا آخرت کا کیا فائدہ کیا نقصان ہے، اگر آخرت کا فائدہ ہو اور دنیا کا نقصان ہو تو دنیا کے اس نقصان کو برداشت کرنے میں کوئی گھاٹے کا سودا نہیں ہے، لیکن اگر آخرت کا نقصان اور دنیا کا فائدہ ہو تو ایسا فائدہ کسی کھاتے میں نا لانا چاہئے، اب سوچیں اگر اسی کفر کی حالت میں موت آگئی تو پھر ہمیشہ ہمیش کی جہنم ہے لاکھوں کروڑوں اربوں سال گزرجائینگے لیکن جہنم کا عذاب نہ ختم ہوگا نہ کم ہوگا ، اسلئے اس ارتداد کی لہر سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، اپنی اولاد اپنی قوم کے نوجوان لڑکے لڑکیاں یا غیروں سے متاثر افراد کی ذہن سازی کرنے کی اور آخرت کی فکر ایمان کی قدروقیمت انکے دل میں انکے رگ وریشے میں حل کردینے کی ضرورت ہے، یہی ہمارے لئے ذخیرۂ آخرت بن جائیگا، اسکے لئے ہمیں چاہے جو جائز طریقہ اختیار کرنا پڑے اسکو اختیار کرنا چاہئے ، اکثر نوجوان لڑکے لڑکیاں غیروں کے اسکولوں میں جاتے ہیں اسلئے اغیار سے روابط بن جاتے ہیں، تو اپنے اسکول کالج قائم کرنے کی فکر کرنی چاہئے اپنے انسٹی ٹیوٹ ٹیوشن مراکز قائم کئے جائیں جہاں عصری علوم کی تعلیم دینی ماحول میں اللہ کے خوف اور آخرت کی فکر کے ساتھ حاصل کی جاسکے، غریب لوگوں کی غربت کا خیال کیا جائے انکی مالی مدد کیجائے، غرض جس راستے سے ارتداد آرہا ہو یا اسکا اندیشہ ہو اس راستے کو بند کرنیکی کوشش کیجائے اور اس سے متاثر افراد کی ذہن سازی کیجائے اللہ اور آخرت کا خوف دلایاجائے ، ایمان سے خالی ہاتھ دنیا سے چلے جانا مسلمان تو کیا ہر انسان کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے، اللہ اللہ۔۔۔
اللہ ہم سب کے ایمان کی حفاظت فرمائے اور ان باتوں پر عمل کی توفیق بھی دے آمین
No Comments